Eight Pakistani killed in Iron
*ملتان: ایران میں بہاولپور کے آٹھ مزدوروں کے قتل پر پاکستان سرائیکی پارٹی کا احتجاجی مظاہرہ*
پاکستان سرائیکی پارٹی کے زیر اہتمام اعوان چوک ملتان پر ایران کے صوبہ سیستان میں بہاول پور کے 8 مزدروں کے قتل عام کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان سرائیکی پارٹی کے سیکرٹری جنرل ملک جاوید حسین چنڑ ایڈووکیٹ، سرائیکستان قومی اتحاد کے سینئر رہنما شریف خان لاشاری اور پاکستان سرائیکی پارٹی کسان ونگ کے صدر ملک محمد اختر کارلو نے کی۔
مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے ملک جاوید حسین چنڑ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایران کے صوبہ سیستان میں سرائیکی وسیب بہاول پور کے مزدروں کا قتل عام پورے پاکستان کیلئے خطرناک صورت حال ہے پاکستانی حکومت کو فوری ایکشن لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ اِس سے قبل بلوچستان، کے پی کے اور کراچی سے سرائیکی وسیب کے مزدورں کا قتل عام کیا گیا ہے اور بوری بند لاشیں سرائیکی وسیب میں بھیجی گئی ہیں۔سرائیکی قوم کا کیا قصور ہے؟ ہمیں بتایا جائے کہ پنجاب کے نام پر سرائیکیوں کو کیوں قتل کیا جاتاہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی سرائیکی کے سرائیکی علاقے میں لاشیں آئی ہیں تو سرائیکی وسیب کے لوگوں نے بڑا احتجاج کیا لیکن حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت ایران کے ساتھ فوری سفارتی تعلقات ختم کرے اور اور سفارتی سطح پر بطور احتجاج اپنا سفیر نمائندہ واپس بلا لے اور اس واقعے کی فوری تحقیقات کی جائے۔
سرائیکستان قومی اتحاد کے سینئر رہنما شریف خان لشاری نے کہا کہ سرائیکی وسیب کا مزدور اپنی مزدوری کے سلسلے میں گھر بار چھوڑ کر پردیس میں جاتے ہیں اور جب ان کی لاشیں سرائیکی وسیب میں آتی ہیں تو حکومت اس پر کوئی نوٹس نہیں لیتی۔ اس سے قبل بلوچستان اور خیبر پختونخواہ اور دیگر علاقوں سے سرائیکی مزدوروں کی لاشیں سرائیکی وسیب میں آئی ہیں اور ہمیشہ ہمیں پنجاب کے نام پر قتل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب میں آج انڈسٹری ہوتی تو سرائیکی مزدور مزدوری کے لیے باہر نہ جاتے اور نہ ہی سرائیکی مزدور قتل ہوتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بنائے جو صوبہ سیستان ایران میں سرائیکی مزدوروں کے قتل عام پر تحقیقات مکمل کرے اور ایک ایسا کمیشن بنایا جائے جس میں سرائیکی مزدوروں کے قتل عام کا ازسر نو واقعہ کا تمام کوائف اکٹھے کر کے اس واقعہ میں ملوث افراد کو فوری سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان سرائیکی پارٹی اور سرائیکستان قومی اتحاد کے سینئر رہنما کل 11 بجے دن چوک ڈیرہ اڈا ملتان میں ایران میں قتل ہونے والے آٹھ مزدوروں کے قتل عام پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
مظاہرے میں صفدر خان لاشاری، حاجی ظفر موہانہ، اعظم کھوکھر، ہاشم موہان،ہ غفور اعوان، شوکت اعوان، ملک اختر میتلا اور پاکستان سرائیکی پارٹی کے دیگر کارکنان موجود تھے۔
Comments
Post a Comment